(وقاص عظیم) قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پلان منظور کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام وزراء اعلیٰ نے بھی شرکت کی، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ساڑھے 3 گھنٹے تک جاری رہا، سالانہ ترقیاتی پلان کی منظوری تمام صوبوں کے اتفاق سے ہوئی،آئندہ مالی سال کے اقتصادی پلان، اہداف کا تعین کر لیا گیا، قومی اقتصادی کونسل نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قومی ترقیاتی بجٹ منظور کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بجٹ میں صنعتوں کےفروغ کیلئےمزید اقدامات کا فیصلہ
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں نے 3 ہزار 500 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا، وفاق نے ترقیاتی پروگرام کے لئے 1500 ارب روپے کی منظوری دی، صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 2 ہزار ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، وفاق کے ترقیاتی پروگرام میں 100 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوگا۔