بھارت:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پارلیمنٹ میں ہنگامہ 

Mar 10, 2021 | 08:30:AM

(24 نیوز)بھارت میں مختلف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کانگریس کے زیرقیادت حزب اختلاف کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے منگل کے روز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ ہوا اور قانون سازی کا کوئی کام نہیں ہوسکا۔ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کوپورے دن کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کے روز دونوں ایوانوں کی کارروائی تقریبا ایک سال کے بعداپنے معمول کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوئی اور دونوں ایوانوں کے ممبران اپنے اپنے ہالوں اور گیلریوں میں بیٹھ گئے۔ کام کے اوقات اور ممبروں کے بیٹھنے کے انتظامات میں تبدیلی کے باوجود  دونوں ایوانوں میں وہی نظارہ دیکھا گیا جو  پیر کے روز دکھایا گیا تھا۔کانگریس قائدین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے 2013 کی سطح تک لانے کی تجویز پیش کی۔لوک سبھا میں کانگریس کے ممبران اس نشست سے پہلے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے آئے تھے۔اس دوران ڈی ایم کے ، این سی پی اور کچھ دوسری اپوزیشن جماعتوں کے ممبران اپنی جگہ سے احتجاج درج کر رہے تھے۔ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وقفہ سوال کی کارروائی میں خلل پڑا اور وقفہ صفربھی عام طور پر نہیں چلا۔

مزیدخبریں