(24 نیوز)بھارتی حکومت نے برطانوی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور برطانیہ کے ایوان زیریں ’’دارالعوام ‘‘ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے بھارت میں جاری کسان احتجاج پر ’غیر ضروری ‘ اور ’تنازعہ پیدا کرنے والی ‘ بحث کے انعقاد پر شدید احتجاج درج کرایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی دفتر خارجہ کے افسر ہرش وردھن شرنگلا نے برطانوی ہائی کمشنر برائے ہندوستان سے کہا کہ اس طرح کی بحث کسی اور جمہوری ملک کی سیاست میں ’’سنگین مداخلت‘‘ کے مترادف ہے۔ انڈین مشن نے نشاندہی کی کہ برطانوی میڈیا اور دیگر بیرونی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے کسانوں کا احتجاج موقع پر دیکھا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ انڈیا میں میڈیا آزاد ہے۔