امریکی  کلیئرنس نہ ملی۔۔۔ترکی نے پاکستان کو گن شپ ہیلی کاپٹر  کی فراہمی روک دی، اسلام آباد چین سے خریدے گا

Mar 10, 2021 | 11:16:AM

(24 نیوز)امریکا نے ترکی کومقامی طور پر تیار کئے جانے والے 30 گن شپ ہیلی کاپٹرز کی پاکستان کو فراہمی سے روک دیاہے۔

ایک انگریزی اخبار نے بلومبرگ نیوز  کے حوالے سے لکھا ہے کہ ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کلن نے میڈیا  کو بتایا کہ امریکا نے پاکستان کو ترکی کے ہیلی کاپٹرز کی فروخت روک دی ہے اور اب اس  وجہ سے اسلام آباد اسے چین سے خریدے گا۔واضح رہے کہ اے ٹی اے کے ٹی 129 اگسٹا اے 129 منگسٹا پلیٹ فارم پر مبنی دو انجن، ٹینڈم سیٹ، ملٹی رول، آل ویدر اٹیک ہیلی کاپٹر ہے اور امریکی انجنوں سے لیس ہے۔امریکا ایل ایچ ٹی ای سی انجن کیلئے ایکسپورٹ کلیئرنس روک رہا ہے۔

ابراہیم کلن نے کہا کہ اس رکاوٹ سے امریکی مفادات کو زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے۔ترکی اور پاکستان نے جولائی 2018 میں ترکی ساختہ ہیلی کاپٹر گن شپ کے لیے 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔تاہم پینٹاگون کی جانب سے ترک کمپنی کو انجنز کا ایکسپورٹ لائسنس جاری کرنے سے انکار کے بعد اسکی فراہمی کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی تھی۔ترک عہدیدار نے ترکی پر امریکی پابندیوں کے اثرات کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی رکاوٹ کا ذکر کیا جس سے انقرہ نے روس سے ایس-400 میزائل خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ترکی روسی میزائل خریدنے پر مجبور ہوا کیونکہ واشنگٹن نے انقرہ کو موثر شرائط پر پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔یاد رہے کہ واشنگٹن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ملاقات سے چند روز قبل امریکا نے جولائی 2019 میں پہلی رکاوٹ کا اعلان کیا تھا۔جنوری 2020 میں ترکی کی دفاعی صنعت ایس ایس بی کے سربراہ نے کہا تھا کہ انقرہ اور اسلام آباد نے ترسیل کے معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے تاکہ ہموار ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔اب اس معاہدے کے تحت ترکی کے معاہدہ عمل میں نہ آنے کی صورت میں پاکستان کو چینی زیڈ 10 ہیلی کاپٹر خریدنے کا اختیار مل گیا ہے۔ترک ذرائع ابلاغ  کی اطلاعات کے مطابق ترک ساختہ ٹی 129 اے ٹی اے سی ہیلی کاپٹر ابھی بھی پاک فوج کی شاپنگ لسٹ میں ہے۔


مزیدخبریں