تحریک انصاف کو ایک روز میں دوسرا بڑا دھچکا۔۔!!!

Mar 10, 2021 | 11:33:AM

(24 نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کیخلاف پی ٹی آئی امیدوار کی الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے انتخابات سے متعلق ریکارڈ طلب کر لیا۔قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کیخلاف درخواست مسترد کردی تھی۔

سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔تحریک انصاف کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان نے 23 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ انتخاب پر اعتراض نہیں کیا،ریٹرننگ افسر کے مطابق 360 میں سے 340 سٹیشنز کے نتائج پر اعتراض نہیں کیا گیا،  ن لیگ نے صرف 23 پولنگ سٹیشنز پر اعتراض کیا تھا، الیکشن کمیشن نے دوبارہ الیکشن کا حکم دے کر اختیارات سے تجاوز کیا، عدالت الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار پر دلائل دیں، فیصلے کیخلاف حکم امتناع کی درخواست کا جائزہ آئندہ سماعت پر لیں گے۔ہو سکتا ہے پولنگ ڈے سے قبل ہی سماعت مکمل ہو جائے۔سپریم کورٹ  نے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے سے متعلق ریکارڈ اگلی سماعت تک جمع کرانے کی ہدایت کردی اور ن لیگ کے امیدوار کو بھی متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔
 
 

مزیدخبریں