(24 نیوز) یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف نے ترمیم شدہ درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔ جس میں سابق وزیراعظم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کر دی گئی۔ درخواست میں مزید شواہد بھی جمع کرا دیئے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخواست پر آج ہی فیصلہ کیا جائے، ووٹ خریدنے والا چیئرمین سینٹ نہیں بن سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اوپن اور نشاندہی والے بیلٹ پیپر کی بات کی، میثاق جمہوریت میں بھی ٹریس ایبل بیلٹ کی بات کی گئی، ملک میں کرپشن پھیلانے والی جماعتوں نے اوپن اینڈ ٹریس ایبل بیلٹ کی مخالفت کی، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات میں ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن میں ضمیروں کی سوداگری کو روکنے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن کے پاس ہے، مریم نواز کہتی ہے نوٹ نہیں مسلم لیگ ن کا ٹکٹ چلا ہے، انہوں نے ووٹ خریدنے کی کھلےعام منڈی لگا رکھی تھی، فوزیہ ارشد کو 174 جبکہ حفیظ شیخ کو 164ووٹ ملے، ان پر بے شمار مقدمات چل رہے ہیں، یہاں ضمیر نہیں جاگے بلکہ نوٹ چلے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 9 کے تحت یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اپنی درخواست میں ترمیم کر کے مزید شواہد کیساتھ جمع کرا دی ہے، الیکشن کمیشن پورا دن بیٹھے پوری رات بیٹھے مگر نوٹسز جاری کرے، ڈسکہ انتخابات میں فیصلہ ایک دن میں آ جاتا ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے وہ ہماری درخواست پر فیصلہ کرے۔