(24نیوز)علی گیلانی ویڈیو سکینڈل سے متعلق رکن قومی اسمبلی جمیل خان نے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا جس میں انہوں نے کہا کہ پی پی رہنما یوسف گیلانی کی سینٹ انتخابات میں مدد کے عوض علی گیلانی نے مجھے لالچ دیا۔
جمیل خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات 2018 میں این اے 237 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوا، علی حیدر گیلانی اپنے والد یوسف رضا گیلانی کے لئے غیر قانونی طور پر ووٹوں کا انتظام کر رہے تھے۔انہوں نے مجھ سے ملاقات کے لئے رابطہ کیا، اپنے آپ کو بچانے اور پارٹی مفادات کے تحفظ کے لئے علی حیدر گیلانی سے ملاقات کی ریکارڈنگ کی، واقعہ یکم مارچ کو پیش آیا،علی گیلانی نے مجھے یوسف گیلانی کی مدد کے عوض مختلف لالچ دیئے۔جمیل خان نے تصدیق کی کہ علی حیدر گیلانی یہ سب اپنے والد کیلئے کر رہے تھے، یوسف گیلانی اسلام آباد سے سینٹ کا نتیجہ اپنے حق میں چاہتے تھے، رکن قومی اسمبلی فہیم خان بھی میرے ساتھ موجود تھے، میں نے تمام صورتحال سے پارٹی سینئیرز کو آگاہ کیا۔ جمیل خان نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے بلانے پر بطور گواہ پیش ہوں گا۔