” کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام“ کا آغاز۔۔غریبوں کو پیسے دینگے،وزیر اعظم

Mar 10, 2021 | 19:47:PM
 ” کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام“ کا آغاز۔۔غریبوں کو پیسے دینگے،وزیر اعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز )وزیراعظم عمران خان نے ” کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام“ کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ تین کروڑ خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے ، غریب لوگوں کے اکاو نٹس میں پیسے دیں گے ۔
 اسلام آباد میں پروگرام کے اجرا ءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بیت المال کی ٹیم کو کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے آغاز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان پناہ گاہوں کے معیار میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے کہ مجبوری میں کوئی انسان جب یہاں آئے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ سوچا جاتا ہے کہ غریب آدمی کو کسی خاص ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں دھیان رکھنا ہے کہ انہیں صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے ہم نے دیکھا کہ پناہ گاہ کا معیار آہستہ آہستہ پیچھے چلا گیا تھا اور اب ان کا معیار بہتر ہورہا ہے پناہ گاہیں اورکوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ایک فلاحی ریاست کا آغاز ہیں اس پروگرام میں بہت سے مخیر حضرات شرکت کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب سے مشکل کام مزدوروں کا ہے، ان کے لیے پناہ گاہ نعمت ہے، جس کے باعث مستحق افراد باعزت طور پرکھانا کھا سکتے ہیں، جلد پورے پاکستان میں ہمارے یہ ٹرک کھانا فراہم کریں گے، بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ اس پروگرام میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، ہر اس علاقے میں پناہ گاہ بنائیں گے جہاں مزدور آتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں ، جن کے ذریعے کسی بھی اسپتال سے 10لاکھ روپے تک کا علاج کرایا جاسکتا ہے، جون میں تین کروڑ خاندانوں کو سبسڈی دیں گے، غریب لوگوں کے اکاو¿نٹس میں پیسے دیں گے، کسانوں کو بھی جون میں سبسڈی دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، بہت سے لوگ ایسے ہیں جو بھوکے سوتے ہیں،کئی دفعہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو کام نہ ملے تو وہ بھوکے سوتے ہیں تو ہم اس پروگرام کے ذریعے ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے جارہے ہیں پناہ گاہیں اورکوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ایک فلاحی ریاست کا آغاز ہیں کہ ٹرک بھر کر ان مقامات پر جائیں گے جہاں بھوک زیادہ ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کا پورا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا،اس پروگرام میں مسائل بھی آئیں گے جنہیں ساتھ ساتھ حل کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کھانا تقسیم کرنے والے ٹرک کا بھی معائنہ کیا اور لوگوں میں کھانا بھی تقسیم کیا ۔