(24نیوز)تھانہ صدر مریدکے کی آبادی دھروڑ ہند میں بااثر زمیندار کے بیٹے کی غریب محنت کش کی چودہ سالہ بیٹی سے زیادتی اور مبینہ ویڈیو بنالی۔ محنت کش نے پولیس کو اطلاع کی تو مبینہ طور پر بیوی بچوں سمیت گاﺅں بدر کردیا گیا ۔
بتایا گیاہے کہ مریدکے تھانہ صدر کی آبادی دھروڑ ہند میں بااثر زمیندار کے بگڑے رئیس زادے نے اپنے ہی گاﺅں کے غریب محنت کش عباس کی چودہ سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناکر مبینہ طور پر ویڈیو بھی بنالی۔ محنت کش بیٹی اور بیوی کے ہمراہ متعلقہ تھانہ پہنچا تو چوکی عمر کوٹ کا انچارج متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر طبی معائنہ اور انصاف فراہم کرنے کی بجائے رات بھر مقدمہ درج کرنے اور ملزم پکڑنے کے بہانے کرتا رہا ۔
بااثر زمیندار کو جب معلوم ہوا کہ غریب محنت کش عباس نے پولیس کو زیادتی کے واقعہ سے آگاہ کردیا ہے تو محنت کش کو بیوی بچوں سمیت مبینہ طور پر گاﺅں بدر کردیا گیا جسکے بعد محنت کش بیٹی بیوی کو لیکر نامعلوم جگہ جان بچانے کی خاطر روپوش ہوگیا۔
اس سلسلہ میں جب چوکی عمر کوٹ کے انچارج سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا لیڈی ڈاکٹر نہ ملنے سے گزشتہ رات متاثرہ لڑکی کا میڈیکل نہ ہوسکا اب وہ گھر کو تالے لگا کر ناجانے کہاں روپوش ہوگئے ہیں ،انکو تلاش کیا جارہا ہے تاہم ایک ملزم کاشف کو حراست میں لیا گیا ہے ملزم جتنا مرضی بااثر ہو انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
بگڑے رئیس زادے کی محنت کش کی بیٹی سے زیادتی۔۔ ویڈیو بنالی ۔۔شکایت پر گاﺅں بدر کر دیا
Mar 10, 2021 | 21:30:PM