بصارت سے محروم لڑکی وائس پرنسپل بن گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پیدائشی بصارت سے محروم سعدیہ لاہور کی پہلی بلائنڈ وائس پرنسپل بن گئی
دنیا ایسے لوگوں سے بھری پڑی ہے جو معذوری کو مجبوری بناکر زندگی گزارتے ہیں لیکن اسی دنیا میں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو اپنی معذوری کو اپنے خوابوں کے آڑے نہیں آنے دیتے اور اپنی محنت کے بل بوتے پر معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کرلیتے ہیں۔
ایسے ہی لوگوں میں شمار ہوتا ہے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور کی رہائشی سعدیہ کا جو بچپن میں ہی اپنی بصارت سے محروم ہوگئیں لیکن ان کی آنکھوں نے روشن مستقبل کے خواب دیکھنا نہ چھوڑے اور قوت ارادی کی بدولت نہ صرف ماسٹرز میں گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ کالج کی پہلی بلائنڈ پرنسپل ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
سعدیہ بٹ جو ماسٹرز میں گولڈ میڈلسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ بھی لے چکی ہیں اب گورنمنٹ اسپیشل کالج کی پہلی بلائنڈ وائس پرنسپل کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ان کا یہ سفر اتنا آسان نہیں رہا اس سفر کے دوران انہیں اپنے اور پرایوں کے حوصلہ شکن رویے برداشت کرنے پڑے لیکن پہاڑ جیسے بلند حوصلے کی مالک نے ہار نہ مانی اور ان کے رویوں کو نظر انداز کرکے اپنا سفر کامیابی سے جاری رکھا۔
اس حوالے سے سعدیہ بٹ نے بتایا کہ میری معذوری سے میرے والدین پریشان رہتے تھے اور پھر معاشرہ بھی تھا جو عجیب نظروں سے دیکھتا اور حوصلہ شکن باتیں کرتا تھا کہ یہ بے چاری ہے تو میں سوچتی تھی کہ ان کی یہ منفی سوچ کیسے بدلی جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ان ہی حوصلہ شکن رویوں کی بدولت میرے اندر یہ جذبہ پیدا ہوا کہ میں نے کچھ کرکے دکھانا ہے میں نے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دینا بلکہ سوچا کہ اب معاشرے میں کچھ ایسا مقام بنانا ہے کہ لوگ مجھے میرے نام سے جانیں کہ ہاں یہ سعدیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی معذوری کو اپنے پختہ عزائم کے سامنے دیوار نہیں بننے دیا اور میں کالج کیڈر میں پہلی لڑکی ہوں جو وائس پرنسپل کے عہدے پر پہنچی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پارٹیوں میں اختلافات پیدا ہو جائے تو نقصان دہ ہوتا ہے،چودھری سرور