(24نیوز)میانوالی پولیس نے نومولود بچی کو فائرنگ سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اہم کارروائی کرتےہوئے نومولود بچی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے بدبخت اور سفاک ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کرلیا، کارروائی گزشتہ رات کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈی پی او میانوالی کو تفتیش کی نگرانی خود کرنے اور ملزم کو عبرتناک سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سفاک باپ نے 5 مارچ کو اپنی 7 دن کی کمسن بچی کو پسٹل کے 5 فائر مار کر بے دردی سے قتل کیا تھا، اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد آئی جی پنجاب آرپی او سرگودھا اور ڈی پی او میانوالی سے ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے روزانہ اپ ڈیٹ لیتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: آملیٹ بنانے سے انکار کیوں کیا؟ظالم شوہر نے بیوی کیساتھ ایسا سلوک کیا کہ انسانیت بھی شرما جائے
ڈی پی او میانوالی اسماعیل الرحمان نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد سفاک ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، اسپیشل ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپےمارے اور ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کر لیا، ملزم کو تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی، بچوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرینس پالیسی جاری کر رکھی ہے۔