عمران خان کا انجام اشرف غنی سے بھی زیادہ برا ہوگا، فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کا انجام اشرف غنی سے بھی زیادہ برا ہوگا، ہم نے آمروں سے لڑائی کی تو تمہاری کیا حیثیت ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیں دھمکیاں نہ دیں ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک کی باضابطہ طور پر جے یو آئی میں شمولیت پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اسرائیل اور بھارت سے فارن فنڈنگ ہوئی، غیر ملکی ہاتھ تمہارے پیچھے ہے اور تم غیر ملکی ہاتھ کے ذریعے اقتدار میں آئے حالاںکہ تم میں حکومت کرنے کی صلاحیت نہیں، تمہارا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، عمران خان ہمیں دھمکیاں نہ دیں ، ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان تم نے کبھی ہمیں دیکھا نہیں، افغانستان میں اشرف غنی کا انجام دیکھا؟ اس سے زیادہ برا تمہارا حال کریں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں، تہمتیں لگاکر سیاست نہیں کی جاتی، میرے ساتھ میرے کردار کا مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ، ہم نے آمروں سے لڑائی لڑی تو تمہاری کیا حیثیت ہے؟
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں غلیظ الفاظ استعمال کرنا عمران خان کا وطیرہ ہے، عمران خان کا کردار کا کیا ہمیں پتا نہیں؟ لاس اینجلس سے لے کر ڈی چوک تک بدبودار کردار ہے، عمران خان کہتا ہے کہ امریکا کو اڈے دینے سے انکار کردیا، تم سے اڈے مانگے کب ہیں؟ آئی ایس آئی کے چیف نے سیکیورٹی میٹنگ میں بریفنگ دی کہ امریکا نے ہم سے کوئی اڈے نہیں مانگے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے امریکی ایجنڈے پر سی پیک کو برباد کردیا، ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر قانون سازی کی، عمران خان را اور موساد کے گٹھ جوڑ سے حکومت میں آیا، عمران خان نے ملکی ترقی کے تمام منصوبے ناکام بنائے، بیرونی قوتوں کے حکم پرپاکستان کا بجٹ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد۔اتحادیوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا