سندھ میں بلدیاتی انتخابات ۔۔الیکشن کمیشن نے تاریخ کا اعلان کر دیا

Mar 10, 2022 | 20:33:PM

 (24نیوز)الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کر دیاہے۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات مئی 2022 میں کروائے جائیں گے۔
جمعرات کوالیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ارکان الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ اور الیکشن کمیشن کے دیگر افسروں نے شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حتمی حلقہ بندی 24مارچ 2022 کو شائع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے زیردفعہ (3)219 کے تحت چیف سیکریٹری سندھ کو مدعو کیا ہے تاکہ سندھ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تاریخ مقرر کی جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے تجویز پیش کی کہ سندھ میں الیکشن 2 مرحلوں میں کروائے جائیں،اس کے بعد الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں پہلے مرحلے کے انتخابات مئی 2022 کے آخری ہفتہ میں ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ پہلے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے اضلاع کی تفصیل فوری طور پر الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائے تاکہ الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کےلئے ضروری اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مدت 30 اگست 2020 کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد 120دن کے اندر انتخابات کرانے کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔انتخابی حلقہ بندیوں ، نئی مردم شماری سمیت مختلف وجوہ کے سبب یہ معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار رہا اور اس دوران الیکشن کمیشن کی مسلسل ہدایات کے باوجود سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات نہ کرا سکی۔
یہ بھی پڑھیں۔ عثمان بزدار کے بعد ایک اور وزیر اعلیٰ کی کرسی خطرے میں۔۔تحریک عدم اعتماد کا اعلان

مزیدخبریں