بلوچستان ہائیکورٹ: سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بجلی روڈ کوئٹہ میں درج مقدمے میں وارنٹ گرفتاری 2 ہفتے کے لئے معطل کر دیئے۔ عدالت نے آئی جی، ڈی آئی جی کو نوٹس جاری کر دیئے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف مقدمے کے اخراج کیلئے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف غیرقانونی طور پر مقدمہ درج کیا گیا، سابق وزیراعظم کے خلاف بجلی روڈ کوئٹہ میں درج مقدمہ خارج کیا جائے۔
یاد رہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے بلوچستان پولیس کی ٹیم صبح سویرے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی۔
بلوچستان پولیس کی ٹیم میں ایس پی ندیم احمد، ڈی ایس پی عبدالستار اچکزئی، سب انسپکٹر ملک حمید شامل ہیں۔ 2 تربیت یافتہ کمانڈو قیصر اور سلطان بھی پولیس ٹیم کا حصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے لاہور پہنچنے والی ٹیم نے تاحال لاہور پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے مقدمے میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو حاضر کیا جائے۔