(24 نیوز )سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تو ایکسٹینشن لے لی لیکن ان کے علاوہ اس وقت کے چیف جسٹس بھی اپنی مدت ملازمت میں توسیع چاہتے تھے ، لیکن ان کی ایکسٹینشن نہ ہو سکی ، ان کی ایکسٹیشن نہ ہونے کے پیچھے وجوہات کیا تھیں ؟ کون لوگ تھے جنہوں نے ان کے ساتھ مدت ملازمت میں توسیع کا وعدہ کیا؟ وہ کون سی شرائط تھیں جو اس وقت کے چیف جسٹس سے منوائی گئیں؟ ان تمام سوالوں کے جواب سینئر صحافی اسد طور نے اپنے وی لاگ میں دیئے ہیں ۔
سینئر صحافی اسد طور نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا ہے کہ سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ اس وقت کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی اپنی مدت ملازمت میں توسیع چاہتے تھے ، سینئر صحافی نے ایک اور انکشاف کیا کہ مدت ملازمت میں توسیع کا وعدہ جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ اور سابق آئی ایس آئی چیف فیض حمید نے آصف سعید کھوسہ کے چیف جسٹس پاکستان بننے سے پہلے ہی ان سے کر دیا تھا ، جس کے پیچھے چھپی وجہ بھی انہوں نے بتائی اور کہا کہ پانامہ بینچ ہیڈ ہونے کی وجہ سے جنرل فیض حمید اور قمر جاوید باجوہ نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ نواز شریف کو تاحیات نااہل کر دیں اور سیاسی منظر نامے سے غائب کر دیں تو انہیں ان کے چیف جسٹس آف پاکستان بننے پر مدت ملازمت میں توسیع ملے گی ۔
واضح رہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ 18 جنوری 2019 کو چیف جسٹس آف پاکستان بنے اور 20 دسمبر 2019 کو ریٹائرڈ ہو گئے لیکن ان کو مدت ملازمت میں توسیع نہ مل سکی، سینئر صحافی اسد طور نے اس کے پیچھے چھپی وجہ بتائی کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایک وفد اس وقت جیل میں قید نواز شریف کے پاس بھیجا اور ان سے کہا کہ اسمبلی میں سپریم کورٹ کے ججز کی ریٹائرمنٹ عمر بڑھانے کیلئے قرار داد پیش کی جائیگی اپنی پارٹی سے کہیں کہ وہ اسے منظور کر لیں اس کے بدلے میں وہ نواز شریف کو تمام قسم کے کیسز میں ریلیف دیں گے ، لیکن نواز شریف کی جانب سے انکار کے بعد ان کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہو سکی کیونکہ وہ 60 برس کے ہونے پر 20 دسمبر 2019 کو ریٹائرڈ ہو گئے ۔
سینئر صحافی نے ایک اور دلچسپ واقعہ سنایا کہ جب آصف سعید کھوسہ کو عمر میں ریلیف نہ ملنے کی وجہ سے ایکسٹینشن نہ مل سکی تو انہیں اس بات کا رنج تھا کہ ان کے ساتھ فیض حمید اور قمر جاوید باجوہ نے وعدہ وفا نہیں کیا اس لیے جب سابق آرمی چیف کو ایکسٹیشن دی گئی تو انہوں نے سو موٹو لے لیا ، سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرنا کچھ نہیں تھا بس انہوں نے اس وقت کے آرمی چیف کو چٹکی کاٹی کہ تم نے میرے ساتھ وعدہ وفا نہیں کیا۔
قمر جاوید باجوہ کے علاوہ کونسا چیف مدت ملازمت میں توسیع چاہتا تھا؟سینئر صحافی نے بڑا انکشاف کر دیا
Mar 10, 2023 | 21:45:PM