وہ بے زبان پرندے جنہوں نےحضورﷺسےعشق کی بڑی مثال قائم کررکھی ہے

Mar 10, 2025 | 17:12:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سجاد اظہر پیرزادہ) عقل و شعور رکھنے والے دنیا بھر کے انسانوں کی محبتیں ایک طرف، اور اُن بے آواز پرندوں کی اللہ اور اس کے محبوب حضرت محمد ﷺ کیساتھ عشق کے نظارے ایک طرف ہیں' کہ ایسے لگتا ہے کہ میں جنہیں بس ابھی ابھی دیکھ کر ہی آیا ہوں۔

یہ کہانی ہے ایک ایسی محبت کی' اور حال و احوال ہے ایک ایسے عاشق کا' کہ اس اندھی محبت اور اس بے زبان عاشق کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی  ،نہ گھروں میں، نہ ویرانوں میں، نہ ہی جھیلوں پر اور نہ ہی رن وے پہ اترتے جہازوں میں بیٹھے زعم تقوی کے مارے مجھ جیسے متکبر انسانوں میں، آپ کو یہ کہانی سننے کیلئے سعودی عرب میں ہمارے ساتھ مسجد قبلتین کی طرف چلنا ہوگا  اور اِس مسجد کا خاص طور پر وہ مقام دیکھنے' جہاں یہ کہانی ایک جیتی جاگتی داستان کی صورت میں ہماری نگاہوں کے راستے دل میں آبستی ہے اور پھر وہ دل و نگاہ اُن  عاشق کبوتروں، اُن بے زبان پرندوں کو داد دیے بغیر نہیں رہ پاتی، جنہوں نے مسجد قبلتین کے ایک گنبد پر حضورﷺ سے عشق کی بڑی مثال قائم کر رکھی ہے، اس بارے میں آپ گھر بیٹھے ہی ایک مکمل معلوماتی ویڈیو، پروگرام 24 نیوز ایچ ڈی لائیو پہ دیکھ سکتے ہیں۔

مسجد قبلتین کو دو قبلوں والی مسجد بھی کہتے ہیں، اس میں آج بھی وہ مقام دیکھا جاسکتا ہے  جس کی طرف مسلمان پہلے رخ کر کے نماز پڑھا کرتے تھے،خانہ کعبہ کیونکہ پیارے نبیﷺ  کے آباؤاجداد نے تعمیر کیا تھا، اس لیے اللہ کے اس گھر سے آپ ﷺ کو خاص محبت تھی ، مکہ سے مدینہ ہجرت کرنے کے بعد حضور پاکﷺ بار بار آسمان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھتے کہ اللہ کی طرف سے قبلہ کی تبدیلی کا حکم آجائے  اور پھر ایسا ہوہی گیا  اور جس قبلہ سے حضرت محمد ﷺ کو محبت تھی، آج وہ مقام ہی کبوتروں کی سب سے پسندیدہ جگہ بنا ہوا ہے، انسانی عقل اس جگہ پر عشق کے اس نظارے کو دیکھ کر دنگ رہ جاتی ہے،  حضورﷺ کی پیروی کرتے ہوئے تمام مسلمانوں نے تو نماز کے دوران اپنا منہ بیت المقدس سے خانہ کعبہ کی طرف موڑا ہی لیکن کبوتر بھی اپنا رُخ خانہ کعبہ کی طرف پھیرے بیٹھے ہیں۔ 

مسجد قبلتین میں آج بھی دو گنبد ہیں، ایک خانہ کعبہ اور دوسرا بیت المقدس سے منسوب ہے  لیکن کبوتر آج صرف اِس مسجد کے اُسی گنبد پر بیٹھتے نظر آتے ہیں، جو خانہ کعبہ سے منسوب ہے، حالانکہ بیت المقدس سے نسبت رکھنے والادوسرا گنبد بھی بالکل ساتھ ہی ہے لیکن حیران کُن طور پر ایک کبوتر بھی پرانے قبلہ سے منسوب گنبد پر بیٹھا نظر نہیں آتا،انہیں دیکھ کر ایسا لگتا ہے، جیسے یہ اُن کبوتروں کی نسلیں ہوں، جنہوں نے حضور پاکﷺ کو دیکھا تھا، اُن سے پیار کیا تھا اُور آج یہ کبوتر اپنے آباؤاجداد کے حضور پاک ﷺ سےفقط اُسی تعلقِ خاطر،اُسی پریت، الفت، چاہ اور لگائو کی لاج رکھے ہوئے آج بھی اُسی قبلہ کو ہی عزیز رکھتے ہیں، جو حضور پاکﷺ کو بھی پیارا تھا۔ یہ کسی لالچ،حرص،تمنااور اُمیدوں کے بغیر کیا جانے والا عشق ہم جیسے اُن بے حس انسانوں کیلئے دنیا میں محبت کی سب سے انوکھی اور قابل تقلید مثال ہے، جو اپنا نفع دیکھے بغیر کسی طرف قدم نہیں اٹھاتے۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کا حامی، کوئی اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا:لیاقت بلوچ