انجکشن پاؤڈر تھا اس کو محلول بنانے میں غلطی ہوئی،وزیر صحت پنجاب

Mar 10, 2025 | 22:30:PM
 انجکشن پاؤڈر تھا اس کو محلول بنانے میں غلطی ہوئی،وزیر صحت پنجاب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیرصحت پنجاب سلمان رفیق نے میو ہسپتال لاہور میں انجکشن کے مبینہ ری ایکشن کو انسانی غلطی قرار دے دیا۔

  ہسپتال میں انجکشن سے ہلاکت کے معاملے سلمان رفیق کا کہنا تھاکہ انجکشن سے ہلاکت انسانی غلطی کی وجہ سے ہوئی، انجکشن پاؤڈر تھا اس کو محلول بنانے میں غلطی ہوئی،انہوں نے کہا کہ مریضوں کو تیسری خوراک دی گئی تھی، پہلی دو خوراک لگانے سے کوئی ری ایکشن نہیں ہوا،ان کا کہنا تھاکہ 6 ہزار انجکشن کا سٹاک ہسپتال میں آیا، مختلف ڈپارٹمنٹس میں یہ انجکشن مریضوں کو لگائے گئے لیکن انجکشن کا ردعمل صرف چیسٹ وارڈ میں ہوا، پاؤڈر کی رپورٹ آج شام تک اور محلول کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔

 وزیرصحت پنجاب کاکہنا تھاکہ یہ انجکشن لاہور کے مختلف اسپتالوں کے علاوہ نارووال بھی گیا تھا، اینٹی بائیوٹک کو بنانے کی تربیت نرسز کو دی جاتی ہے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد نرسز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، 400کےقریب نئی نرسز بھرتی ہوئی ہیں، میواسپتال میں ابھی مزید نرسز بھرتی ہوئی ہیں، اس وارڈ میں دو نرسز ڈیوٹی پر موجود تھی، انہوں نے محلول بنانے میں غلطی کی۔

ایک سوال کے جواب میں سلمان رفیق کا کہنا تھاکہ میواسپتال میں دواؤں کا سٹاک موجود تھا، ایم ایس کی نا اہلی تھی کہ دوائیں مریضوں تک نہیں پہنچ پا رہی تھی۔

خیال رہے کہ میو ہسپتال لاہور کے چیسٹ وارڈ میں ٹیکے کے مبینہ ری ایکشن سے جان کی بازی ہار جانے والے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی۔

38 سالہ نورین بی بی انجکشن کے ری ایکشن کی وجہ سے جاں بحق ہو گئی تھی  جبکہ ایک مریض کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی  جسےوینٹیلیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا،باقی مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

میو ہسپتال انتظامیہ نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے 7 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے،پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، مزید برآں، انجکشن سیفٹریکزون کے استعمال کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے تاکہ اس قسم کے کسی اور نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: چارسدہ : زبانی تکرار پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی