(بابر شہزاد تُرک) وفاقی افسران کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کیلئے شیڈول سنٹرل سلیکشن بورڈ کا 4 روزہ اجلاس کل 11مارچ سے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سربراہی میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد میں شروع ہو گا، کل 11 مارچ کو شروع ہونے والا سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 12، 13اور 14مارچ کو جاری رہے گا، اجلاس میں ایک ہزار افسروں کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دی جا ئے گی، 2 سال کے غیر معمولی تعطل کے بعد آج سے شروع ہونے والا بورڈ اجلاس افسران کی گریڈ 19 سے 20 اور 20 سے 21 میں ترقی کی سفارشات کی منظوری دے گا.
بورڈ اجلاس کی مرتب کردہ سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے، جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ہر افسر کی ترقی اور تقرر و تبادلے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے، ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سروسز، گروپوں کے ایڈمنسٹریٹر سیکرٹریز کو مراسلہ بھجوا کر اسامیوں کی تعداد بمعہ مکمل پروپوزل 26 فروری تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوانے کی ہدایت کی تھی، جبکہ افسروں کی سروس شمار کرنے کیلئے کٹ آف ڈیٹ 28 فروری مقرر کی گئی تھی، ذرائع کے مطابق پولیس سروس آف پاکستان، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور سیکریٹیریٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے افسروں کے پینل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تیار کئے ہیں.
سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس میں ایک ہزار کے قریب افسروں کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دی جائے گی، سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کی صدارت چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) اختر نواز ستی کریں گے جبکہ سینیٹر سعدیہ عباسی، سنیٹر سلیم مانڈوی والا، ایم این اے جاوید حنیف خان، پنجاب سے سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سندھ سے گریڈ 22 کی ریٹائرڈ بیوروکریٹ رابعہ جویریہ آغا، خیبر پختونخوا سے سیکرٹری بحری امور ڈویژن ظفر علی شاہ، بلوچستان سے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر غیاث الدین اور سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر پرویز جونیجو، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھاریجو، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز بورڈ ممبر نامزد کئے گئے ہیں.
علاوہ ازیں پولیس افسران کی ترقی کے کیسز کیلئے صوبوں کے آئی جی پولیس، وفاقی سیکرٹری داخلہ بورڈ ممبر نامزد کئے گئے ہیں جبکہ جس وزارت کا پروموشن کیس ہو گا اُس کے سیکرٹری بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، مزید برآں ڈی جی انٹیلی جینس بیورو اور ڈی جی آئی ایس آئی اپنے اپنے اداروں کے افسروں کے پروموشن کیسز کے موقع پر شریک ہوں گے، بورڈ اجلاس تمام سروسز، گروپس، ایکس کیڈر افسران کو گریڈ 20 اور21 میں ترقی دے گا، آج سینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کے پہلے دن وزارتِ خارجہ امور کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے پینل پر موجود 30 افسران جبکہ گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے پینل پر موجود 42 افسران کے کیسز پر غور کیا جائے گا.
مزید برآں لیگل ایڈوائزر مسٹر سلیم کی پرفارمہ پروموشن کیس، برہان الاسلام اور حامد اظہر خان (گریڈ 20) کے کورٹ کیسز پر غور ہو گا، علاوہ ازیں وزارتِ اطلاعات کے تحت انفارمیشن گروپ کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے پینل پر موجود 12 افسران اور گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے پینل پر موجود 12 افسران پر غور ہو گا جبکہ افضل صفاوی اور ڈاکٹر عطاء محمد انوار کے گریڈ 20 میں پرفارمہ پروموشن کیس پر بھی غور کیا جائے گا، مزید برآں وزارتِ مواصلات کے تحت پوسٹل گروپ کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے 11 اور 19 سے 20 میں ترقی کیلئے 16 افسران، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت سیکرٹیریٹ گروپ کے 56 افسران کے پینل پر گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کے لئے اور 84 افسران کے پینل پر گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے غور ہو گا، علاوہ ازیں محمد رمضان کے پرفارمہ پرموشن کیس پر غور ہو گا، یاد رہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس آخری اجلاس اگست 2023 میں منعقد ہوا تھا