(24نیوز)پنجاب حکومت نے عید پر لاک ڈاؤن کے دوران نیا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹس، کاروبار،دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی اور چاند رات بازاروں ،مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے اسٹالز پر پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عید پر لاک ڈاؤن سےمتعلق نیا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شہروں میں ٹرانسپورٹ کی اجازت آج شام 6 بجے تک ہے، آج شام 6 بجے سے15 مئی تک بین الصوبائی اور بین اضلاعی ٹرانسپورٹ بند ہو گی تاہم رکشہ ، ٹیکسیز ،نجی گاڑیوں کو50فیصد گنجائش کیساتھ سفر کی اجازت ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹس، کاروبار،دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی اور چاند رات بازاروں ،مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے اسٹالز سمیت انڈور،آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی عائد ہوگی، ریسٹورنٹس پر صرف ٹیک آویز کی اجازت ہو گی۔
سیکریٹری ہیلتھ کئیر پنجاب نے کہا تمام میڈیکل اسٹور، فارمیسیز،میڈیکل فیسیلیٹیز 24گھنٹےکھلےرہیں گے ، پیٹرول پمپ،تندور ، دودھ دہی کی دکانیں 24 گھنٹے کھلے رکھنےکی اجازت ہوگی تاہم گروسری اسٹورز ،کریانہ ،بیکری،آٹا چکیاں ، مٹھائی ،پھل ،سبزی ،گوشت کی دکانیں صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ڈرائی کلینرز، منی ایکسچینج کمپنیز، کورئیر سروسز شام 6 بجےتک کھولنے ، غلہ منڈی،سبزی پھل،مویشی منڈیوں ، آٹوورکشاپ،تیل ڈپو،یوٹیلیٹی سروسز،کال سینٹرز میں شام 6بجےتک کام کی اجازت ہوگی۔
سیکریٹری ہیلتھ کئیر نے کہا کہ تمام پارک اور سیرو تفریح والےمقامات اور سرگرمیوں پرپابندی ہوگی ، 8فیصدسےزائدشرح والےشہروں میں پابندیاں مزید سخت ہوں گی ، ان شہروں میں تفریخی مقامات،پارکس،شاپنگ مالز،ریسٹورنٹس، پکنک پوائنٹس بند ہوں گے جبکہ اسپورٹس،ثقافتی تہواراور اجتماعات پر مکمل پابندی عائدہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ٹرین سروس 70فیصدمسافروں کے ساتھ جاری رہےگی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ملکر ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنائیں گے، شہری ما سک کی پوری طرح پابندی کریں گے۔