(24نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے خبردار کیا ہے کہ اگر پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے باقی رہ جانے والے میچز نہ کروائے گئے تو یہ آخری لیگ بھی ہو سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کروانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میچ یو اے ای یا پاکستان میں نہ کروائے گئے تو خدانخواستہ یہ آخری لیگ بھی ہو سکتی ہے۔
سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ پی سی بی دانشمندی کا ثبوت دیتی اور ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کروایا جاتا تو یہ جلد مکمل ہو جاتا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کے باقی رہ جانے والے میچز ابو ظبی اور دبئی میں کروانے کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر رکھا ہے اور ای سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے میچز یو اے ای میں ہونے یا نہ ہونے کی اجازت سے متعلق فیصلہ آج متوقع ہے۔