(24 نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر امریکا کی جانب سے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں اور امریکا جیسے پہلے کہہ چکا ہے کہ وہ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتا ہے اور ہم زور دیتے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری پر تمام مظاہرین پُرامن طور پر اپنی شکایات کا اظہار کریں جبکہ حکام بھی حقوق اور جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔
یہ بھی پڑھیے: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاتون صحافی سے زیادتی میں ملوث قرار، سزا سنا دی گئی
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔