(24 نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کا نیا فنانشل ماڈل تیار کرلیا گیا جس میں بھارت کو سب سے زیادہ حصہ ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی آئی سی سی پر اجارہ داری کے باعث سب سے زیادہ حصہ لے گا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹورنامنٹس سے حاصل ہونے والی کمائی کا تقریباً آدھا حصہ بھارت کو ملے گا اوروہ نئے ماڈل کے تحت سب سے زیادہ کمائی کرنے والا بورڈ بن جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق نئے ماڈل کے تحت بھارت کو آئی سی سی کی سالانہ کمائی سے 38.5 فیصد حصہ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے، یعنی بھارت کو سالانہ 600 ملین ڈالر میں سے 230 ملین ڈالرز دینے کی تجویز ہے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو مجموعی کمائی کا 6.89 فیصد،کرکٹ آسٹریلیا کو6.25 فیصد او ر پاکستان کو 5.75 فیصد دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ حصہ ملنے والوں میں انگلینڈ دوسرے،آسٹریلیا تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی سالانہ کمائی میں سے 41 ملین ڈالر دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جب کہ کرکٹ آسٹریلیا کو 37.53 ملین ڈالر اور پاکستان کو 34.51 ملین ڈالر ملے گا۔
فہرست میں نیوزی لینڈ کو 4.73 فیصد حصے کےبعد 28.38 ملین ڈالر ،ویسٹ انڈیز کو 4.58 فیصد،سری لنکا 4.52،بنگلا دیش کو 4.46 فیصد جبکہ جنوبی افریقا کو 4.37 فیصد، آئر لینڈ 3.01 فیصد اور افغانستان کو 2.80 فیصد حصہ ملنےکاامکان ہے۔
آئی سی سی فل ممبرز کو سالانہ کمائی میں سے 88.81 فیصدجب کہ ایسوسی ایٹ ممبر ز کو 11.19 حصہ ملے گا یعنی فل ممبر ز کو 532.84 ملین ڈالر جب کہ ایسوسی ایٹ ممبر زکو 67.16 ملین ڈالر حصہ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
آئی سی سی کی کمائی کا تقریباً آدھا حصہ بھارت کو جائے گا جب کہ نئے ماڈل میں سب سے زیادہ کمانے والا بورڈ بھارت ہی ہو گا ۔