پاکستان میں بدترین اور ریکارڈ مہنگائی۔۔ عمران خان پر عوامی دبائو بڑھنے لگا۔۔ غیر ملکی میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال سے وزیراعظم عمران خان پر روز بہ روز دبائو بڑھ رہا ہے اور ملک میں بے چینی پھیل رہی ہے کیونکہ ملک کو بدترین اور ریکارڈ مہنگائی کا سامنا ہے۔
برطانوی اخبار گارجین میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان بدترین اور ریکارڈ مہنگائی کے باعث دنیا بھر میں پاکستان چوتھے مہنگے ترین ممالک میں شامل ہو چکا ہے-
اخبار میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو ریڑھی پر جوتے فروخت کرنے والے 27؍ سالہ اسد اللہ نے مہنگائی سے تنگ آ کر خود کو آگ لگالی۔ اُن کے رشتہ دار غنی نے اس کا الزام ملک کی معاشی حالت کو قرار دیا جہاں مہنگائی بدترین سطح پر آ چکی ہے اور ایسے لوگوں کو نگلتی جا رہی ہے جو اپنے معمولی اخراجات پورے کرنے کی بھی سکت نہیں رکھتے۔
خود کشی کرنے والے اسد اللہ کے رشتہ دارغنی کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ اور والدین پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن میرے پاس گھر کا کرایہ دینے تک کے پیسے نہیں جبکہ گائوں پیسے بھیجنا اب ممکن نہیں رہا۔
غنی نے کہا کہ میں پانچ دیگر لوگوں کو بھی جانتا ہوں جو مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں اور بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہوکر خودکشی پر آمادہ ہیں، حکومت غریبوں پر رحم کرے اور مہنگائی کم کرے۔ اب تو چینی کی قیمتیں پٹرول سے بھی بڑھ چکی ہیں۔ اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھانے کا وعدہ کیا تھا اور نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگایا تھا۔
عمران خان نے گزشتہ ماہ سعودی عرب کے دورے کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ریاض سے تین ارب ڈالرز کی مالی مدد لائے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے ماضی کی غلطیوں اور مہنگائی کا ذمہ دار ایک مرتبہ پھر پچھلی حکومتوں کو قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:لو میرج کرنیوالی لڑکی عدالت کے باہر قتل۔ لرزہ خیز واردات کی سی سی ٹی وی سامنے آ گئی