( مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا میں بعض اوقات عجیب و غریب واقعات رونما ہوتے ہیں، جن کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا ۔ پرانے زمانے میں کسی شخص کو سزا کے طور پر دیوار کے اندر چنوائے جانے کے واقعات تو آپ نے سن رکھے ہوں گے لیکن یہ انہونی بات ہے کہ کوئی زندہ رہتے ہوئے دیوار کے اندر پھنس گیا ہو ،یہ عجیب ہے۔ نیویارک میں ایک شخص کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، وہ دیوار کے اندر بنی جگہ پر جا کر 2 دن تک پھنسا رہا۔
بھارت کے نجی ٹی وی کی ویب رپورٹ کے مطابق نیویار کے ایک مقامی تھیٹر کے عملے کو اندر سے کسی کی تھپتھپانے کی آواز سنائی دی۔ انہیں ایسا لگا کہ جیسے کوئی مدد کے لئے پکار رہا ہو۔ اس کے بعد انہوں نے فائر فائٹرز کو موقع پر مدد کے لیے بلایا۔ اس شخص کو وہاں سے دیوار کاٹ کر باہر نکالا گیا لیکن سب کے ذہنوں میں ایک ہی سوال چل رہا تھا کہ یہ شخص دیوار کے اندر کیسے پہنچ گیا؟
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جب ریسکیو ٹیم نے اس شخص کو دیوار کاٹ کر باہر نکالا تو وہ برہنہ حالت میں تھا اس نے کوئی بھی کپڑا جسم پر نہیں پہنا ہوا تھا۔ اس واقعے کو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے سیراکیوز فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ کوئی نہیں جانتا کہ یہ شخص دیوار کے اندر کیسے پہنچا، یہ کسی کو نہیں معلوم۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ شخص پہلے ہی لینڈ مارک تھیئٹر کے ارد گرد گھوم رہا تھا۔تھیٹر کے ڈائریکٹر مائیک انٹاگلیٹا نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ شخص خود کو گرم رکھنے یا باتھ روم کا استعمال کرنے کے لئے اندر گھسا ہو۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف جان کین نے بتایا کہ یہ شخص 2 دن سے ایک چھوٹی سی جگہ میں پھنسا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کسی قسم کی ذہنی بیماری میں مبتلا ہے، اسی لئے اس پر کوئی الزام عائد نہیں کیا جا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں غیر قانونی داخل ہونیوالے 84 پاکستانی گرفتار