(24 نیوز)پاکستان نے آسٹریلیا کو22 سال بعد ون ڈے سیریز ہرا دی۔تیسرے اور آخری ون ڈے میں رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کابہترین فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کی ٹیم 140 رنز پر پویلین لوٹ گئی جواب میں پاکستان نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پرتھ میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 20 رنز پر گری جب میکگروک 7 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ ہارڈی کی تھی جنہیں نسیم شاہ نے آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔وہ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔تیسرے بلے باز جوش انگلس(7)، چوتھے آؤٹ ہونیوالے میتھیوشارٹ(22) تھے ۔پانچویں وکٹ میکسویل(0) کی تھی جبکہ چھٹے آؤٹ ہونیوالے بلے باز سٹونس( 8)تھے ۔ سین ایبٹ (30 )رنز بنا کر ٹاپ سکوررہے ۔باقی بیٹسمین بھی کوئی خاطر خواہ بلے بازی کا مظاہر ہ نہ کر سکے ۔ کوپر ریٹائرڈہرٹ ہونے پر بیٹنگ کیلئے نہ آسکے اور اس طرح آسٹریلیا 9 وکٹوں کے نقصان پر140 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔پاکستان کے شاہین، نسیم نے تین تین ، حارث نے دواور حسنین نے ایک وکٹ لی۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے گزشتہ میچ کی فاتح سائیڈ برقرار رکھی گئی ہے، تاہم آسٹریلیا نے ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی ہیں، میزبان ٹیم نے کوپر کونولی، مارکس سٹوئنس، شان ایبٹ، سپینسر جونسن اور لینس موریس کو موقع دیا ہے۔
جواب میں شاہینوں نے ہدف 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔پاکستان کی طرف سے صائم 42،شفیق 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اور رضوان ناٹ آؤٹ رہے انہوں نے بالترتیب 28 اور 30 رنز بنائے۔
یہ 22 سال بعد پاکستان کی آسٹریلین سر زمین پر جیت ہے۔
چیئر مین پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح پر ٹیم کو مبارکباد د یتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف 8 وکٹوں سے جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے بلا شبہ پاکستان ٹیم نے شاندار کھیل سے یہ سب کچھ ممکن بنایا ہر کھلاڑی اس جیت کی مبارکباد کا مستحق ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی آسٹریلیا میں تاریخی جیت پر کھلاڑیوں کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے جیت سے پاکستانی قوم کا سر فخر سےبلند کر دیا ہے۔