لاہور میں دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول کا آغاز،فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی
پہلے روزاجوکا تھیٹر کا مشہور ڈرامہ دارا پیش کیا گیا،فیسٹیول17نومبرتک جاری رہے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور میں دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہو گیا جو 9 سے 17 نومبر تک الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں جاری رہے گاجس میں 11 ممالک کے تھیٹر گروپ شرکت کررہے ہیں۔
دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب الحمرا ہال میں منعقدہوئی جس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹیبلو بھی پیش کیا گیا جس پر حاضرین جذباتی ہوگئے اور فنکاروں کو خوب داد دی، پہلے روز اجوکا تھیٹر کا مشہور ڈراما "دارا" پیش کیا گیا۔
الحمرا میں رنگا رنگ تقریب کے دوران اجوکاکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہدمحمود ندیم اور معروف اداکارہ سویرا ندیم نے شمعیں روشن کر کے تقریب کا افتتاح کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد اجوکا تھیٹر کا خصوصی گیت بھی لانچ کیا گیا،تقریب میں اداکارہ سویرا ندیم نے اجوکا کے سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ماضی کی یادیں تازہ کیں۔
افتتاحی تقریب میں وہاب شاہ اور ان کے گروپ کی منفرد پرفارمنس نے حاضرین کے دل موہ لیے جس میں صوفی رنگ کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کی ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹراجوکاشاہدمحمودندیم نے اس موقع پر بتایا کہ 9 روزہ فیسٹیول لاہور آرٹس کونسل اور حکومت پنجاب کے تعاون سےمنعقد کیاجارہا ہے،بھارت سے 16 رکنی تھیٹر گروپ سمیت امریکا،سوئٹزرلینڈ، ترکی، نیپال اور دیگر ممالک سے فنکار بھی شرکت کے لیے لاہور پہنچ چکے ہیں،نامور بھارتی ہدایت کار کیول دھالیوال اور ان کے ساتھ سوئس گروپ بھی جلد یہاں پہنچ جائیں گے،امریکا کا مشہور تھیٹر گروپ "لمٹے" بھی فیسٹیول میں شرکت کرے گا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیسٹیول آرٹ اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے،جس میں پاکستان اور دیگر ممالک کے فنکار ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کریں گے اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیں گے۔