امریکہ ۔۔7سالہ مسلمان بچی پر ٹیچر کا حملہ۔۔۔زبردستی اسکارف اتار دیا

Oct 10, 2021 | 09:39:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ریاست نیو جرسی میں سکول ٹیچر نے دوسری جماعت کی مسلمان بچی کا نقاب اتار دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق میپل ووڈ سے تعلق رکھنے والی 7 برس کی سمیہ دوسری جماعت کی طالبہ ہے اور ہر روز اسکارف پہن کر اسکول جاتی تھی، ٹیچر نے کلاس میں حجاب اتارنے کا کہا، بچی کے منع کرنے پر ٹیچر نے زبردستی اس کا اسکارف کھینچ کر اتار دیا۔

کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کا کہنا ہےکہ ٹیچر نےکمسن بچی پر حملہ کیا اور اسے ہراساں کیا،سمیہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کو ایک ایسی دنیا سے متعارف کروانا پڑے گا جس سے اسے بچاتی رہی ہوں۔

یاد رہے کہ امریکا کی پہلی باحجاب اولمپک میڈلسٹ ابتہاج محمد کا تعلق بھی میپل ووڈ سے ہے، فینسر ابتہاج محمد نے 2016 کے اولمپکس سمر گیمز میں حجاب پہن کر شرکت کی تھی۔

ابتہاج محمد کا کہنا ہے کہ اسکول بلاتفریق تمام بچوں کیلئے محفوظ مقام ہونا چاہیے جہاں ان کا خیر مقدم کیا جائے، انہوں نے بچی کا حجاب اتارنے پر سیتھ بوائڈن ایلیمنٹری اسکول ٹیچر کو نوکری سے فوری نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔

مزیدخبریں