سابق ائیر چیف فاروق فیروز خان انتقال کر گئے

Oct 10, 2021 | 11:10:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک  فضائیہ کے سابق ائیر چیف فاروق فیروز خان 82 سال کی عمر میں اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ ان  کی نماز جنازہ آج اتوار کو اداکی جائے گی ۔

ائیر چیف مارشل فاروق فیروز خان9 مارچ1991 تا 8 نومبر1994 تک  پاکستان فضائیہ کے تیرہویں سربراہ رہے۔  ائیر چیف مارشل فاروق فیروز خان17 اگست1939ء کو پیدا ہوئے تھے ۔ انھوں نے 4 جنوری 1959ء کو پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ 1965ء اور 1971ء دونوں جنگوں میں حصہ لیا۔ 9مارچ 1991ء کو پاک فضائیہ کے چیف آف سٹاف مقرر ہوئے اورساڑھے3 برس تک اس منصب پر فائز رہے۔8نومبر 1994ء کواس عہدے سے ریٹائرہوئے اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے منصب پر فائز ہوئے۔انہوں نے نشان امتیاز(ملٹری)، ہلال امتیاز (ملٹری)،ستارہ امتیاز( ملٹری)اور ستارہ بسالت کے اعزازات حاصل کئے۔ائیر چیف مارشل فاروق فیروز خان کے والد فیروز خان ہاکی کے معروف کھلاڑی تھے اور انھوں نے 1928ء کے اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔      

مزیدخبریں