(24 نیوز) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر صدر مملکت عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان، سابق صدر آصف زرداری , شہباز شریف اور مریم نواز سمیت اہم حکومتی شخصیات نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملکی دفاع کیلئے انتھک اور بہترین خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کی خبر سن دکھ ہوا ، اُنہوں نے قوم کو بچانے والے جوہری تخفیف کو فروغ دینے میں مدد کی۔ایک احسان مند قوم اُنکی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔ وہ ہماری قوم سے پیار کرتا تھےکیونکہ انہوں نے ہمیں ایٹمی ہتھیاروں کی ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہمیں ایک جارحانہ بہت بڑے ایٹمی پڑوسی کے خلاف تحفظ فراہم کیا ہے۔ وہ پاکستانی عوام کے لئے ایک قومی آئیکون تھے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار کی وفات ایک قومی صدمہ ہے، حکومت قومی سوگ کا اعلان کرے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اپنےپیغام میں کہا ہےکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کا سن کر بڑا دکھ ہوا۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کی خدمات بہت بڑی ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کی رحلت کا جان کر نہایت دکھ ہوا، ملک کیلئے انھوں نے قابل قدر خدمات انجام دیں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا رکیا ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پرگہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور سوگواران اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے، دعا ہے اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں ان کو اعلی مقام عطا فرمائے۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
معاون خصوصی شہبازگل نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان کے محسن ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے، ڈاکٹر صاحب کا پاکستان کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کا احسان اور قرض اس ملک کا بچہ بچہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کا جان کر دکھ ہوا، وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے علمبردار تھے، ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے ہماری سلامتی کے لیے بے پناہ تعاون کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سن بہت افسوس ہوا، پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں اہم ترین کردار ادا کیا، اللہ تعالیٰ انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے