پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کیلئے بڑا عالمی اعزاز، سی او پی کی نائب صدارت دینے کا اعلان

Oct 10, 2022 | 11:53:AM

 (24 نیوز) پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کیلئے بڑا عالمی اعزاز، اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں اور مسائل کے حل سے متعلق تنظیم 'سی۔او۔پی۔27' نے وزیراعظم شہباز شریف کو نائب صدارت دینے کا اعلان کر دیا۔

 اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے۔ 'سی۔او۔پی۔27' کی صدارت مصر کے پاس ہے۔ 'کانفرنس آف پارٹیز' (سی۔او۔پی۔27) کی طرف سے اجلاس کے دوران نائب صدارت پاکستان کے لئے بڑا عالمی اعزاز ہے۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو "سی۔او۔پی۔27" اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی خواہش پر کوئی تقرری نہیں ہوگی، 15 نومبر سے پہلے فیصلے ہوں گے:شیخ رشید

وزیراعظم شہباز شریف، ناروے کے وزیراعظم، مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ 'کانفرنس آف پارٹیز' (سی۔او۔پی۔27) کا اجلاس شرم الشیخ، مصر میں 6 سے 18 نومبر کو ہوگا۔ اجلاس میں عالمی سربراہان، حکومتوں کے سربراہ، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمہ دار شرکت کریں گے۔

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پراثر آواز پر انہیں یہ منصب دیا گیا۔

حالیہ سیلاب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) کے سربراہان مملکت و حکومت کی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر موثر آواز اٹھائی تھی۔

 ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کو 'ایس۔سی۔او' تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے تائید کی تھی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کونسل کا اجلاس 15 سے 16 ستمبر کو  سمر قند میں ہوا تھا۔

مزیدخبریں