وزیراعظم نے سندھ اینگرو کول مائن کمپنی کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تھر کول بلاک 2 میں سندھ اینگرو کول مائن کمپنی کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر توانائی امتیاز شیخ اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ نے تھر کول فیلڈ پر وزیراعظم اور وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھر کے کوئلے سے پورے پاکستان کو روشن کرنے اور صنعت کے پہیئے کو توانائی بخشنے کی بنیاد شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ڈالی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم پاکستان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھر کول پاکستان کی معیشت کا گیم چینجر ہے جس کا سنگ بنیاد سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے 31 جنوری 2014ء کو رکھا۔ تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے لیے وسیع تر روڈ نیٹ ورک، برجز اور ائیرپورٹ کی ضرورت تھی۔ حکومت سندھ نے سخت محنت کے بعد 750 ملین ڈالرز خرچ کرکے تھر کا انفراسٹرکچر تعمیر کیا۔
جیالوجیکل سروے کے مطابق تھر میں 175 بلین ٹن کوئلہ موجود ہے۔ تھرکول کے کُل 13 بلاکس ہیں، جن میں سے دو پر ابھی کام ہورہا ہے۔
2014ء میں سی پیک کے تحت کول مائن پاور پراجیکٹ پر کام شروع کیا گیا جس میں کوئلے سے 660 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پر کام شروع کیا گیا جو رواں سال کے آخر تک بڑھ کر2640 میگا واٹ ہوجائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تھر کول بلاک 2 میں سندھ اینگرو کول مائن کمپنی کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر توانائی امتیاز شیخ اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ pic.twitter.com/ak0QhYQ52V
— 24 News HD (@24NewsHD) October 10, 2022
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ سیمنٹ کے کارخانے جب تھر کے کوئلے سے چلیں گے تو اس سے ملک کا 2 بلین ڈالر زرمبادلہ محفوظ رہے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر میں مزید ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ تھر کول بلاک II اپنے منافع کا 2 فیصد تھر کی سماجی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ تھر کول پراجیکٹس کے منافع سے 23 اسکولز قائم کیے گئے ہیں جن میں 4061 طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تھر میں 17 آر او پلانٹس لگائے گئے ہیں جو 13 دیہاتوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کر رہے ہیں۔