سموگ ایک آفت قرار، پابندیاں جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور کو سموگ کے باعث آفت زدہ شہر قرار دے دیا ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے پیر کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش کیے گئے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے لاہور کو سموگ کی وجہ سے آفت زدہ شہر قرار دیا ہے، جس میں انسداد سموگ کے اقدامات بھی بتائے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں سموگ پیدا کرنے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ اس صورتحال کے چلتے پی ڈی ایم اے آفس میں کرائسس روم قائم کیا گیا ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سموگ پھیلانے والی صنعتیں بند کر دی جائیں گی ،زرعی باقیات کو آگ لگانا منع ہو گا ، فصلوں کو جلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں اور صنعتوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے ماہرین نے گزشتہ ماہ حکام کو اس سال خاص طور پر گھنے سموگ کے بارے میں خبردار کیا تھا۔