کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کامران ٹیسوری سے حلف لیا ۔
تفصیلات کے مطابق گورنرہاﺅس میں منعقدہ حلف برداری کی سادہ و پروقار تقریب میں محمد کامران خان ٹیسوری نے سندھ کے 34 ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھایا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے محمد کامران خان ٹیسوری سے گورنر سندھ کے عہدہ کا حلف لیا۔
تقریب میں زیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی، صوبائی وزرا امتیاز شیخ،سعید غنی ،،پرنسپل سکرٹری گورنر سندھ ڈاکٹرسیف الرحمان ،ایڈیشنل ائی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے ،تقریب میں رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی ،سابق میئر وسیم اختر،ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب ،رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، وزیر اعلی کے معاون خصوصی وقار مہدی نے بھی شرکت کی،تقریب میں موجود معززین نے عہدہ سنبھالنے پرکامران ٹیسوری کو مبارکباد دی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ اپنے اوپر کئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا، ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، صوبہ کے مسائل کے حل کے لئے ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھاو¿ں گا۔
واضح رہے کہ صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز آئین کے آرٹیکل 101 کی ذیلی شق ایک کے تحت محمد کامران خان ٹیسوری کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کرنے منظوری دی تھی۔گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی بطور قائم مقام گورنر فرائض انجام دے رہے تھے۔کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئرکے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں سونا سستا، پاکستان میں بھی قیمت کم ہو گئی