بادل جم کر برسیں گے،محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

Oct 10, 2023 | 13:05:PM

(24نیوز)ملک کے بالائی شمالی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں  کے بعد  موسم سرما کی آمد کا باضابطہ اعلان ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری سے ان علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور اس کے نتیجے میں کم درجہ حرارت کی توقع ہے۔

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مزید بارش ہو سکتی ہے،خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالا کوٹ، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ اور مزید علاقوں میں بارش، تیز ہوائوں، برفباری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: تیل اور گھی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی
اسی طرح بالائی اور وسطی حصوں  میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے،بالائی اور وسطی پنجاب بشمول راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

گزشتہ رات برسنے والے بادلوں سے لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا، صبح کے اوقات میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کا احساس محسوس کیا جانے لگا جبکہ شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں بھی کمی آ گئی۔

 شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کا احساس محسوس کیا جانے لگا ہے۔

ائیر کوالٹی انڈیکس میں کمی،مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 122ریکارڈ کیا گیا۔فضائی آلودگی میں شہر تیسرے نمبر پر آ گیا۔

مزیدخبریں