بابر کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کوئی خزانہ نکل آیا ہو ، رمیز راجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) رمیز راجا نے کپتان بابر اعظم کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے ہیں ، ٹی وی شو کے دوران سابق پی سی بی چیئر مین نے بابر کی کپتانی اور گیم کی خوب تعریفیں کیں ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ورلڈکپ کے دوران ایک شو میں میزبان نے رمیز راجا سے سوال کیا کہ آپ کو بابر اتنے پسند ہیں کہ آپ نے انہیں شادی کرنے کا کہہ دیا؟ اس پر رمیز راجا نے بتایا کہ میں نے ان سے محبت کا اظہار کیا تھا کیوں کہ میں ان کی اتنی تعریفیں کررہا تھا،رمیز راجا نے کپتان کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابراعظم نے پاکستان کرکٹ کو ایک معیار دیا ہے، ان کا شمار دنیا کے نامی گرامی بیٹسمینوں میں کیا جاتا ہے۔
سابق چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ جب بابر اعظم جیسے کلاسیکل بیٹسمین پاکستان میں پیدا ہوتے ہیں تو ہم بے حد پرجوش ہوجاتے ہیں کیوں کہ بیٹرز پروڈیوس کرنے میں پاکستان کوئی بہت اچھی تاریخ نہیں رکھتا اگرچہ بھارت یہ تاریخ رکھتا ہے شاید یہی وجہ ہے کہ بھارتی کسی نئے بلے باز کو دیکھ کر زیادہ پرجوش نہیں ہوتے۔
رمیز راجا نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی خزانہ نکل آیا ہو ، بابر نے ٹیم کے اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے اس ٹیم کو سنبھالا ہوا ہے، 28 سال کی عمر میں بابر نے اتنی کامیابی حاصل کرلی ہے کہ آج پاکستان بھارت سے کڑا مقابلہ کرسکتا ہے اس کا زیادہ تر کریڈٹ بابر اعظم کو ہی جاتا ہے۔