مسلم لیگ ن کا آئندہ عام انتخابات جنوری 2024 میں کرانے کی مکمل حمایت کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد) مسلم لیگ ن نے آئندہ عام انتخابات الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول جنوری 2024 میں کرانے کی مکمل حمایت کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے عام انتخابات جنوری یا فروری 2024 سے آگے لے جانے، انتخابات میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی بھرپور مخالفت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت نے بھی پارٹی کو مقررہ وقت پر ہی انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ جانے کی ہدایت دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف واپسی پر جیل جائیں گے یا نہیں؟بڑی خبر آگئی
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نے پارٹی کو مولانا فضل الرحمان کے انتخابات میں تاخیر کے مطالبے سے فاصلہ رکھنے، ٹی وی ٹاک شوز اور دیگر پلیٹ فارمز پر انتخابات میں کسی قسم کی تجویز کی مخالفت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
قائد مسلم لیگ کی وطن واپسی سے متعلق ذرئع کا کہنا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی پر مینار پاکستان کے جلسے میں انتخابات میں تاخیر کی تجویز کی مخالفت کریں گے، وہ عام انتخابات آئندہ سال جنوری یا فروری میں کرانے کے حامی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کر چکی ہے۔