ایس آئی ایف سی کے اقدامات کا فائدہ صوبے کے ہر علاقے کو پہنچنا چاہیئے، نگران وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران فورم کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، بلوچستان میں انسداد اسمگلنگ اور انسداد منشیات آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء کو سی پی ای سی/ نان سی پی ای سی/ پرائیویٹ پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیرملکی شہریوں کی سیکیورٹی اور غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں غیرملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات، اور بلوچستان میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ صوبے کے امن اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے۔
دوران اجلاس آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ فوج ایل ای اے اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیوں کیلئے پوری قوت کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ وسائل کی لوٹ مار اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے دبئی سے خصوصی طیارہ بُک کرا لیا گیا، ذرائع
انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر ایس آئی ایف سی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا ہر صوبے میں علاقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچنا چاہیئے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کانوں اور معدنیات سے مالا مال ہے اور اس شعبے میں ترقی سے علاقے کے لوگوں کیلئے معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے علاوہ زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری پر بھی توجہ مرکوز کی جانی چاہیئے۔
دوران اجلاس وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےایس آئی ایف سی کے اقدامات کے اثرات کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر بلوچستان کور نے کیا۔