آرمی چیف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی ملاقات
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال جبکہ اس دوران مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت بھی کی گئی،پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں: جنرل عاصم منیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
( احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ اس دوران مختلف شعبوں میں برادرانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت بھی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کےلیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ اداکیا۔
آرمی چیف نے وفد کو پاکستان کی مکمل حمایت اور عزم کی مزید یقین دہانی کرائی اور دونوں ممالک کو حاصل ہونے والے امید افزا نتائج کے بارے میں امید ظاہر کی۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک، سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں وفد نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کا معیشت، زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدرمملکت نے سعودی عرب کی ویژن 2030 کے تحت شاندار ترقی کو سراہا،صدر مملکت نے سعودی عرب کا ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا،صدر مملکت نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت کی تعریف کی،دونوں ممالک نے زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زوردیا