رتن ٹاٹا کی آخری رسومات سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کرنے کااعلان 

مہاراشٹر میں آج یومِ سوگ،تمام سرکاری دفاتر میں قومی پرچم سرنگو، تفریحی پروگرام بھی منسوخ کردی گئیں

Oct 10, 2024 | 10:31:AM

(ویب ڈیسک)بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات سرکاری سطح پر ادا کرنے کااعلان کردیاگیا ۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ رتن ٹاٹا کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی،مہاراشٹر کی حکومت نے آنجہانی صنعت کار کے اعزاز میں آج (جمعرات کو) یومِ سوگ منانے کا اعلان بھی کیا ہے،اس موقع پر مہاراشٹر کے تمام سرکاری دفاتر میں قومی پرچم سرنگو ہے جبکہ تمام تفریحی پروگرام بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رتن ٹاٹا کی میت کالوگ آج شام 4 بجے تک ممبئی کے نریمن پوائنٹ میں واقع نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس (NCPA) میں آخری دیدار کر سکیں گے جس کے بعد آخری رسومات ورلی کے علاقے میں ادا کی جائیں گی۔

 وزیرِ داخلہ امیت شاہ بھی آنجہانی صنعت کار کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے کیونکہ وزیرِ اعظم نریندر مودی آسیان-انڈیا اور مشرقی ایشیاء سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے لاؤس روانہ ہو چکے ہیں اس لیے وہ رتن ٹاٹا کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی کے ایک ہسپتال میں چل بسے تھے ۔

معروف بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا انتقال کرگئے

رتن ٹاٹا 1991ء میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین بنے اور 2012ء تک اس عہدے پر فائز رہے، ان کی قیادت میں ٹاٹا گروپ نے عالمی سطح پر ترقی کی،انہی کی زیرِ قیادت ٹاٹا موٹرز نے ایک ایسی گاڑی متعارف کروائی جسے دنیا کی سستی ترین گاڑی کہا گیا۔

2012ء میں انہوں نے چیئرمین کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، لیکن بعد میں انہیں ٹاٹا سنز اور دیگر گروپ کمپنیوں کا چیئرمین ایمیریٹس نامزد کیا گیا، جن میں ٹاٹا موٹرز اور ٹاٹا اسٹیل بھی شامل ہیں۔

 

مزیدخبریں