(24نیوز)سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی، اور 15پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔
حلقہ پی بی 45کوئٹہ کے 15پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک کی اپیل پر بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔
سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے علی مدد جتک کو بحال کر دیا، عدالت نے 15پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے امیدواروں کے فارم 45میں فرق پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم دیا ہے۔ 15امیدواروں نے فارم 45 مختلف ہونے کا کہا مگر پیش صرف 4 نے کئے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ جمیعت علما اسلام کے عثمان پرکانی کی اپیل پر الیکشن ٹربیونل نے دوبارہ ووٹنگ کا حکم دیا تھا۔