توانائی کی قیمتوں میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے:اویس لغاری

پاکستان میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے سے کم ہونی چاہیے،وفاقی وزیر توانائی

Oct 10, 2024 | 16:44:PM

(24 نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں، توانائی کی قیمتوں میں حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کی کوشش کررہےہیں، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے، پاکستان میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے سے کم ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اگر بجلی کی قیمت 10 روپے یونٹ سے کم ہوگی تو صنعتوں، عوام کو فائدہ ہوگا، قیمتوں کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، ان اقدامات میں سے ایک بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر باہمی مشاورت کے ساتھ نظرثانی کرنا ہے۔

اویس لغاری نے کہا اس اقدام کے تحت جو پلانٹ ہمیں درکار ہیں اور جن کی ضرورت نہیں ہے اس کا جائزہ لیا گیا، اس میں کچھ پلانٹس حکومت کے ہیں جو منافع کما رہے ہیں ان کو منافع نہ دے کر صارفین کو ریلیف فراہم کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا اس سلسلے میں نجی شعبے کی 5 آئی پی پیز کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی ہمیں ضرورت نہیں ان کے ساتھ گفت و شنید کا آغاز کردیا ہے، ان کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تمام شرائط کا منصفانہ طور پر جائزہ لیا گیا ہے تا کہ انہیں نقصان نہ ہو۔

مزیدخبریں