(روزینہ علی) موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کی شدت میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے لیکن اب موسم نے کروٹ بدلنا شروع کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا،خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ، تاہم چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےسا تھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم مری، گلیات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے ،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک جبکہ تھرپارکر، مٹھی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر،گلگت بلتستان کی بات کریں تو کشمیرمیں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود ر ہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش بھی ہو سکتی ہے،آج ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت:چھور41، لسبیلہ، کراچی اور تربت میں 40 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔