خیبر پختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر دو مختلف آپریشنز ، 4 خوارج ہلاک

Oct 10, 2024 | 21:48:PM

(احمد منصور) خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دو مختلف آپریشنز  کیے جن کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہوئے۔

پاک آرمی کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز  کیے گئے، آیریشنز میں 4 خوارج ہلاک ہوئے، بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بھی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، سیکیورٹی فورسز نے خوارج  کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، یہاں بھی فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔

ہلاک خارجیوں سے اسلحہ و بارودی مواد برآمد ہوا، ہلاک خارجی سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کے متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک خارجی شہریوں کے اغوا اور نہتے شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشن کرکے 4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر مبارک باد دیتا ہوں، سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری  کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک انگلینڈ ٹیسٹ کے دوران ’قیدی نمبر 804‘ کی سپیشل انٹری

محسن نقوی نے مزید کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں  کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے، دہشتگرد اور سہولت کار دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس دھرتی سے  دہشتگردوں کا  صفایا کریں گے، دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

مزیدخبریں