(ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈالر کی شدید قلت، سندھ میں فصلوں کی تباہی، مہنگائی کا طوفان، قوم کا امتحان ہے، سامراجی پالیسیاں آرہی ہیں، ڈالر نہیں آ رہے، ڈالر کے ذخائر اب بھی منفی ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی طاقت اور عوام کی طاقت آمنے سامنے ہیں، عدالتی اور قانونی جنگ میں عدلیہ پر بڑی ذمہ داری آگئی ہے، قوم کی برداشت جواب دے گئی ہے، شکور شاد کے استعفے کی معطلی سے سارے استعفے معطل ہوگئے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے بیٹوں میں بانٹ رہی ہے غریبوں کو ڈانٹ رہی ہے، ابھی تک صوبوں میں گورنر نہیں لگا سکے، یہ غربت مٹاؤ نہیں، غریب مکاؤ پالیسی لائے ہیں، یہ انقلابی نہیں، سیلابی ہیں، خارجہ پالیسی میں دوحہ میٹنگ کے بعد بڑا یو ٹرن آگیا ہے، امداد نہیں، حکم نامے آ رہے ہیں۔