(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے گوجرانوالہ جلسہ سے قبل اطراف کے راستے، گردونواح میں مارکیٹیں اور بازار زبردستی بند کروا دیئے گئے، شہری اور تاجروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حقیقی آزادی تحریک کے پہلے مرحلے کے آخری جلسے کا سٹیج گوجرانوالہ میں سجے گا۔ شہر کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں جہاں ہزاروں افراد کی آمد متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہنا تھا کہ گوجرانوالا جلسہ حقیقی آزادی کی تحریک کے پہلے فیز کا آخری جلسہ ہوگا اور اس جلسے میں اگلے اہم مرحلے کا اعلان کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت اور ہینڈلرز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، یہ لوگ مایوس ہوکر مائنس ون فارمولا کی جانب بڑھ رہے ہیں۔