ایشیاء کپ: بھارتی صحافی نے بارش سے میچ متاثر ہونے پر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی حمایت کردی

Sep 10, 2023 | 22:47:PM

(24 نیوز) بھارتی صحافی راجدیپ سرڈیسائی نے ایشیاء کپ سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے پر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی حمایت کردی۔

   بھارتی صحافی نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ایشیاء کپ پاکستان میں نہیں کھیلا جانا تھا؟

راجدیپ سرڈیسائی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کیلئے پاکستان کا بہترین موسم اور بہترین بیٹنگ وکٹس ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع تھا، 15 سال سے بھارت نے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی، پاک بھارت کرکٹ تعلقات بحال کرنے کا یہ بہترین موقع تھا۔

بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ ایک جانب ہم پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلتے اور دوسری جانب ہر جگہ پاکستان سے کرکٹ کھیلتے ہیں، یہ عجیب ’ہائبرڈ ماڈل‘ ہے۔

خیال رہے کہ ایشیاء کپ ون ڈے سپر فور مرحلے میں بارش کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کا میچ آج معطل کردیا گیا۔

بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے تاہم بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور آج معطل کردیا گیا۔

میچ اب کل ریزرو ڈے پر کھیلا جائےگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق کل اڑھائی بجے شروع ہوگا۔

مزیدخبریں