جلسوں کا سلسلہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا ، چیئرمین پی ٹی آئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر احسن) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آج ملک کی جمہوریت کا سیاہ دن تسلیم کیا جائے گا ، کل نقاب پوش ایوان میں داخل ہوئے اور ہمارے 10 ارکان اسمبلی کو گرفتار کرکے لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گرفتاری اور آج رہائی کے بعد اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ہمارے ارکان کی گرفتاری وہاں سے ہوئی جہاں پر گرفتار کرنے والوں کا داخلہ ممنوع تھا ، میں خود باہر آیا اور گرفتاری دی ،ہم مزاحمت کرتے ہیں نہ کبھی کی ہے ،مجھے پتہ چلا کہ اسمبلی کے دروازے کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے ،نقاب پوشوں نے 10ارکان اسبملی کو ایوان سے اغواء کیا ہم مذمت کرتے ہیں ،سختیاں ہمارے ساتھ ہوئیں ماؤ ں بہنوں کی چادریں کھنچی گئیں ، ہمارے کاروبار تباہ ہوئے ۔
انھوں نے کہا ملک میں جمہوریت کی خاطر ہمارے لوگوں نے معاف کیا ، ہم نے پارلیمان میں اپنا کردار ادا کیا ہے، کس ملک میں جلسہ 7 بجے کی بجائے ساڑھے 8 بجے ختم کرنے پر کیس بنتا ہے ؟ عدلیہ سے درخواست ہے کسی بھی صورت میں توسیع عدلیہ پر قدغن ہے ، عوام عدلیہ سے امید رکھتے ہیں کہ عدلیہ اپنا کردار ادا کرے گی ، حکومت نے خود کو این آر او دیا ، پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی تو ہم این آر او کے قانون کو ریورس کریں گے ۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے جسمانی ریمانڈ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرے گی، ارکان کی گرفتاری پر شدید مذمت کرتے ہیں ، یہ پارلیمان پر سیدھا سیدھا حملہ ہے ، پارلیمان کے اندر داخل ہو کر کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا ، یہ پارلیمان پر حملہ تھا ۔اسپیکر کے لیے لازم ہے کہ وہ اس پر کارروائی کریں ، ہمارے ارکان کی گرفتاری وہاں سے ہوئی جہاں پر گرفتار کرنے والوں کا داخلہ ممنوع تھا ، صحافیوں سے متعلق بیان پر کسی کی دل آزاری ہوئی تو اس پر معافی مانگی، ہمارا جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا اور جلسوں کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں اسپیس نہ دینے کی وجہ سے غیر سیاسی قوتیں زور پکڑیں گی ، ہمارے ایم این ایز کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہمارے لوگ خان صاحب کے ساتھ کھڑے ہیں۔