پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اعلٰی قیادت کی گرفتاریوں کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعے کے روز سے ملک گیراحتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی اور ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جمعے کے روز سے شروع ہوں گے اور اسمبلی کے فلور پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت بھی کی جائے گی۔
دوسری جانب پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی اور جمہوری عمل پر کچھ عناصر غالب آ گئے ہیں، انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کے لیے ایک دن پہلے قانون بنایا گیا اور جلسے کا ماحول اتنی آسانی سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام پر حملہ کرنے والی سوچ قابل قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا تھا، تاہم چئیرمین پی ٹی آئی کو رہا کردیا گیا جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کر لی ہے ، ملزمان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا ہے ، ملزمان میں شیر افضل مروت ، زین قریشی ، جمشید دستی ، پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، نسیم شاہ اور احمد چٹھہ شامل ہیں ۔