کورونا ویکسین سے امیر ممالک کو نوازا اورغریب کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، ڈبلیو ایچ او

Apr 11, 2021 | 11:01:AM

( 24نیوز) عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم غیبریس نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی امیر اور غریب ممالک میں غیر منصفانہ تقسیم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم غیبریس نے کورونا وائرس کی عالمی سطح پر تقسیم کو امتیازی اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امیر اور غریب ممالک کے درمیان کورونا وائرس ویکسین کی تقسیم میں چونکا دینے والا عدم توازن ہے۔ عالمی اداری صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم غیبریس جو کورونا ویکسین کی دنیا بھر میں منصفانہ تقسیم کا مطالبہ کرتے ہیں نے بتایا کہ مالدار ممالک میں ہر 4 میں سے ایک فرد کے لئے کورونا ویکسین مل گئی ہے جبکہ غریب ممالک میں ہر 500 میں سے صرف ایک فرد کے لئے ویکسین ملی ہے۔سربراہ عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ  ہمیں امید تھی کہ اس سال مارچ کے آخر تک کورونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں غریب ممالک کو موصول ہوجائیں گی لیکن اب تک صرف 3 کروڑ 80 لاکھ خوراکیں فراہم کی جاسکی ہیں۔

واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی کے پروگرام ’’کوویکس اسکیم‘‘ کی بھی نگرانی کر رہی ہے اور 92 غریب ممالک تک کورونا ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔

  یہ بھی پڑھیں: استعفے دینے ہیں یا نہیں ؟پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس آج ہوگا
 

مزیدخبریں