پیوٹن اور ٹرمپ نہیں مان رہے لیکن ہم الیکشن نتائج مان رہے ہیں : شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان سیاسی طور پر زندہ ہیں، افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، جتنے ووٹ علی اسجد ملہی نے لئے وہ ثبوت ہے کہ عمران خان کا بیانیہ مضبوط ہے، ڈسکہ میں پی ٹی آئی ہار کر بھی جیتی ہے کیونکہ جمہوریت جیتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پنجاب میں آئندہ الیکشن پی ٹی آئی اور نون لیگ کے درمیان ہو گا۔ پیوٹن اور ٹرمپ نہیں مان رہے، ہم الیکشن نتائج مان رہے ہیں، ہم ہار کر بھی سر فخر سے بلند رکھتے ہیں کہ ہمیں اتنے ووٹ ملے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی، ہمیں ایسی اپوزیشن ملی جو آپس میں اپوزیشن ہے، جوتیوں میں دال بانٹ رہی ہے۔تحریکِ انصاف کا منشور ہے کہ چوکیدار کا کردار ادا کرتے ہوئے ہر ایک کا احتساب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے،ایف آئی اے میرے تابع ہے، شہزاد اکبر جو کام کر رہے ہیں انہیں کرنے دیں۔ میرا دل گواہی دیتا ہے کہ یہ لوگ کہیں نہیں جا رہے، پی ٹی آئی میں ہی رہیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ عثمان بزدار کا سکہ مضبوط ہے، عمران خان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیرِ اعظم نے چینی، آٹے سمیت تمام مافیاؤں کو للکارا ہے۔ سوئس اکاؤنٹس کیسز دوبارہ کھولےجائیں گے۔ شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے میرے تعلقات بہت اچھے ہیں، وہ جو بات کرتی ہے اس پر پہرہ دیتی ہے۔